اٹک ،محرم و الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن فضا کے قیام کے لیے ہر وقت متحرک رہے گی ،ڈی سی اٹک

ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔

اٹک۔ 04 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، انتظامی افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے دوران سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور حفاظتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے کہا کہ اٹک ہمیشہ امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کی بہترین مثال رہا ہے اور اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ یا ریاست مخالف نعرے، تقاریر اور سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ تمام مذہبی اجتماعات اور جلوس مقررہ اوقات کے مطابق منعقد کیے جائیں اور اختتامی وقت کی مکمل پابندی کی جائے۔ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے حوالے سے متعلقہ قوانین اور ضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ تمام منتظمین انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام مسالک، مذہبی شخصیات اور مقدسات کا احترام یقینی بنایا جائے اور ایسے کسی بھی عمل سے اجتناب کیا جائے جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کر سکتا ہو۔ شرکاء نے ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈی پی او اٹک سردارموارہن خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے گی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کی جائے گی اور تمام مذہبی اجتماعات کے لیے جامع سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے ضلع اٹک میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر اٹک نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن فضا کے قیام کے لیے ہر وقت متحرک رہے گی۔