سانگھڑ میں عالمی معاون آلات کے دن کے موقع پر خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم

عالمی معاون آلات کے دن کے موقع پر سانگھڑ میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،

حیدرآباد۔ 04 جون (اے پی پی):عالمی معاون آلات کے دن کے موقع پر سانگھڑ میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،

جس میں بڑی تعداد میں خصوصی افراد نے شرکت کی۔ یہ تقریب سماجی تنظیم سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن، دعا آرگنائزیشن اور حکومت سندھ کے ادارے ڈی ای پی ڈی (ڈپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسنس وتھ ڈس ایبلٹیز) کے باہمی تعاون سے ایک نجی ہال میں منعقد ہوئی، جس میں مستحق خصوصی افراد میں مختلف معاون آلات تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی تعلقہ سانگھڑ کے صدر اعجاز حسین زرداری، اسپیشل ایجوکیشن سکول سانگھڑ کے پرنسپل برکت علی مری سمیت غلام نبی نظامانی، عبدالجبار جونیجو، ساجد صدر، شکیلا مغل، رضیہ دامرہ اور دیگر سماجی و تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم اور فعال حصہ ہیں اور انہیں تعلیم، روزگار اور سماجی سرگرمیوں میں مساوی مواقع فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاون آلات کی فراہمی سے خصوصی افراد کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہوگی اور وہ زیادہ خودمختاری کے ساتھ اپنے روزمرہ امور سرانجام دے سکیں گے۔ تقریب کے دوران مستحق افراد میں ٹرائی سائیکلیں، وہیل چیئرز، بیساکھیاں اور ہیرنگ ایڈز تقسیم کیے گئے۔ معاون آلات حاصل کرنے والے خصوصی افراد اور ان کے اہل خانہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سماجی تنظیموں اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، بحالی اور معاشرے میں ان کی مؤثر شمولیت کے لیے آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔