سیالکوٹ، ستھرا پنجاب کی ٹیم نے دکانداروں میں صفائی ستھرائی کے متعلق آگاہی مہم فراہم کی اور ناقص صفائی پر نوٹسز جاری کیے، ترجمان

سیالکوٹ، ستھرا پنجاب کی ٹیم نے دکانداروں میں صفائی ستھرائی کے متعلق آگاہی مہم فراہم کی اور ناقص صفائی پر نوٹسز جاری کیے، ترجمان

سیالکوٹ۔ 05 جون (اے پی پی):سیالکوٹ ستھرا پنجاب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرزاق ڈوگر کی ہدایت پر ستھرا پنجاب کی ٹیم نے دکانداروں میں صفائی ستھرائی کے متعلق آگاہی مہم فراہم کی اور ناقص صفائی پر نوٹسز جاری کیے۔ سیالکوٹ ستھرا پنجاب ایجنسی کے ترجمان فہد علی کے مطابق ستھرا پنجاب ٹیم نے شہر بھر کے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا اور دکانداروں کو صفائی ستھرائی سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اس دوران صفائی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

مہم کے دوران دکانداروں پر زور دیا گیا کہ وہ کوڑا کرکٹ سڑکوں، گلیوں اور فٹ پاتھوں پر نہ پھینکیں بلکہ مقررہ مقامات پر تلف کریں۔ ٹیم نے دکانوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے، صفائی عملے سے تعاون کرنے اور شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ستھرا پنجاب ایجنسی کے مطابق صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا حکومت اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دکانداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ بازاروں کی صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ شہر کو صاف، خوبصورت اور صحت مند بنایا جا سکے۔ شہری صفائی سے متعلق شکایات یا معلومات کے لیے ستھرا پنجاب ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔