ضلعی پولیس سربراہ چارسدہ محمد وقاص خان کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان نے انٹرچینج اور سردریاب چیک پوسٹ سمیت سرکل سٹی کے مختلف ناکہ بندیوں اور چیک پوسٹوں کا اچانک دورہ کیا
چارسدہ، ڈی ایس پی سٹی کا مختلف چیک پوسٹوں سمیت ناکہ بندیوں کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

مزید خبریں
پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):ضلعی پولیس سربراہ چارسدہ محمد وقاص خان کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان نے انٹرچینج اور سردریاب چیک پوسٹ سمیت سرکل سٹی کے مختلف ناکہ بندیوں اور چیک پوسٹوں کا اچانک دورہ کیا۔ترجمان چارسدہ پولیس کے مطابق جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات، ڈیوٹی کے طریقہ کار اور چیکنگ کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی ایس پی سٹی نے ناکہ بندیوں پر تعینات پولیس جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ دوران ڈیوٹی مکمل چوکس رہیں، مشکوک افراد اور گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ یقینی بنائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ناکہ بندیوں کو مزید فعال اور مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں احساسِ ذمہ داری، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان نے اہلکاروں کو مزید ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آئیں، جبکہ سکیورٹی امور میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے پولیس ہر وقت متحرک ہے اور عوام کے تعاون سے جرائم کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔








