وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کرپشن کی اطلاع/ شکایت کے لیے اینٹی کرپشن ڈیسک کا افتتاح کر دیا

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جمعہ کو کرپشن کی اطلاع/ شکایت کے لیے اینٹی کرپشن ڈیسک کا افتتاح کر دیا ۔وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق اس سہولت کی مدد سے شہری براہ راست وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو کرپشن سے متعلق شکایت کر سکتے ہیں ۔

پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جمعہ کو کرپشن کی اطلاع/ شکایت کے لیے اینٹی کرپشن ڈیسک کا افتتاح کر دیا ۔وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق اس سہولت کی مدد سے شہری براہ راست وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو کرپشن سے متعلق شکایت کر سکتے ہیں ۔کرپشن سے متعلق شکایات کے لیے خصوصی نمبر091-9222451 جاری کریا گیا جس پر عوام رابطہ کر سکتے ہیں۔ زمونگ کور اور پناہ گاہوں میں مقیم افراد کے لیے بھی خصوصی شکایت ڈیسک قائم کر دیا گیا ۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں قائم کمپلینٹ سیل میں شہریوں سے براہ راست ربطہ کیا اور شکایات سنیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کی ہر شکایت کا ازالہ ہوگا، انتظامی یا مالی بے ضابطگی رپورٹ کرنے والا ہر شہری وزیر اعلیٰ کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام شکایت درج کرائیں، حکومت اس پر عملدرآمد یقینی بنائے گی، آج ہم اپنے وعدے کے عملی ثبوت عوام کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق قائم سی ایم کمپلینٹ سیل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے،واٹس ایپ، ای میل، فیس بک اور ایکس کے ذریعے بھی شکایات درج کرائی جا سکیں گی،موبائل رکھنے والا ہر شہری اپنی شکایت براہ راست درج کرا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کی نگرانی خود کروں گا، شکایات کاازالہ خود یقینی بناؤں گا، عوام کے احساس کو نہ کم ہونے دیں گے اور نہ کسی کو زیادتی کی اجازت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شکایت کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کریں گے، عوام مایوس نہ ہوں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارا واحد مفاد اور ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صرف وہی پالیسیاں نافذ ہوں گی جو عوام کے مفاد میں ہوں گی، صوبے کے مفاد اور عوامی اعتماد کو ہر فیصلے میں مقدم رکھا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے شہریوں سے شکایات کے ازالے سے متعلق فیڈ بیک لیا ۔وزیر اعلیٰ نے کمپلینٹ سیل عملے کو شکایت گزاروں کے ساتھ اچھا رویہ برتنے اور انکی شکایات فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔