آبی حیات ، قدرتی وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ غیر قانونی ماہی گیری نہ صرف مچھلیوں کی افزائش متاثر کرتی ہے
غیر قانونی ماہی گیری نہ صرف مچھلیوں کی افزائش متاثر کرتی ہے بلکہ آبی ماحولیاتی نظام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 05 جون (اے پی پی):آبی حیات ، قدرتی وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ غیر قانونی ماہی گیری نہ صرف مچھلیوں کی افزائش متاثر کرتی ہے بلکہ آبی ماحولیاتی نظام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ حکومت پنجاب ماہی گیری کے شعبے کی ترقی آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ ماہی گیروں کو جدید طریقہ کار سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ماحول دوست اور قانونی اصولوں کے مطابق ماہی گیری کو فروغ دیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماہی پروری نےغیر قانونی ماہی گیری کے خلاف عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی جالوں اور ممنوعہ طریقوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نگرانی کا نظام بھی موجود ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماہی پروری نے شہریوں اور ماہی گیروں پر زور دیا کہ وہ آبی وسائل کے تحفظ کے لیے محکمہ ماہی پروری کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ انہوں نے کہا کہ آبی حیات کا تحفظ خوراک کی فراہمی، توازن ماحول آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر شرکاء میں آگاہی مواد تقسیم کیا گیا اور آبی وسائل کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








