ماحولیاتی آلودگی میں کمی اورسموگ کے تدارک کیلئے موثر وپائیدار اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز
ماحولیاتی آلودگی میں کمی اورسموگ کے تدارک کیلئے موثر وپائیدار اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز

مزید خبریں
لاہور۔5جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اورسموگ کے تدارک کیلئے موثر وپائیدار اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پرجاری اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا۔انہوں نے عوام سے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور قدرتی وسائل کی حفاظت کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے گزشتہ سال فوگ میں نمایاں کمی اورماحول کی بہتری پراظہار تشکر بھی کیاہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور سمیت دیگر علاقوں میں نمایاں ماحولیاتی بہتری پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور پوری ٹیم کوشاباش دی ہے۔انہوں نے غیر معیاری پلاسٹک بیگز کے استعمال پرقانونی کارروائی کے تسلسل کی ہدایت کی۔
انہوں نے پنجاب میں خطے کے پہلے انوائرمنٹ آبزرویٹری پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ زمین خوبصورت کرہ ہے اس کی حفاظت اوربقا کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اورسموگ کے تدارک کیلئے موثر اورپائیدار اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب ماحولیاتی آلودگی سے متعلق پیشگی الرٹ کی صلاحیت حاصل کرنے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے۔پہلے جدید ترین ایئر کوالٹی فورکاسٹ سسٹم سے صوبہ بھرمیں فضائی آلودگی انڈیکٹر کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ پنجاب کی پہلی انوائرمنٹ وال پر24/7ماحولیات سے متعلق اداروں کا مانیٹرنگ سسٹم کام کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں،بھٹہ خشت اور فصلوں کی باقیات جلانے سمیت ماحولیاتی قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں پرقانونی کارروائی جاری ہے۔
سموگ کے تدارک کیلئے 30جدید بارفوگ گن کاموثر استعمال کیا جارہاہے،لاہورسمیت دیگر شہروں کیلئے مزید سموگ گن بھی لارہے ہیں۔ پائیداراورموثر ماحولیاتی آلودگی کیلئے صوبہ بھر میں شجرکاری کمپین مسلسل جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گرین پنجاب اور پلانٹ فار پاکستان ویژن کے تحت پورے صوبے میں شجرکاری کررہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب اور اخلاقی اقدار بھی ہمیں صفائی اور ماحول کی حفاظت کا درس دیتی ہیں۔
نئی نسل کی بقا کیلئے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات ناگزیر ہے۔نئی نسل کو آبی توانائی اورماحولیاتی وسائل کے تحفظ کیلئے مشترکہ عزم کا اظہارکرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ماحولیات کے عالمی دن پر فطرت کے تحفظ، آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے شعور بیدار کرنا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئیے پلاسٹک ترک کرنے اورماحولیات کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں پلاسٹک کے خاتمے کے غیر معمولی عزم کا اعادہ بھی کیا۔








