بہاولپور میں 4 ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید برن یونٹ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ نے بہاولپور میں جدید برن یونٹ کے قیام کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ بلال، نائب صدر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم بلال ملک، کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا

بہاولپور۔ 08 جون (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ نے بہاولپور میں جدید برن یونٹ کے قیام کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ بلال، نائب صدر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم بلال ملک، کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن”صحت مند پنجاب“کے تحت قائم کیے جانے والے اس اہم منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ 50 بستروں پر مشتمل یہ جدید برن یونٹ جلنے اور جھلسنے والے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بہاولپور میں جدید برن یونٹ کا تحفہ دے کر یہاں کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف ہمیشہ بہاولپور کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے رہے ہیں اور آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس منصوبے کے ذریعے اس محبت کا عملی ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، سڑکوں، اوورہیڈ برجز اور انڈر پاسز کا وسیع جال بچھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف ایک ویژنری رہنما ہیں جو عوامی مسائل اور ضروریات کو بخوبی سمجھتے ہیں اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اپنے والد اور سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہاولپور میں صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی کوششوں سے سول ہسپتال قائم ہوا جس سے بہاول وکٹوریہ ہسپتال پر مریضوں کا دباؤ کم ہوا جبکہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری، خصوصی تعلیم کے اداروں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا قیام بھی ممکن بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔ ان کے مطابق برن یونٹ کا منصوبہ عوام کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے اور اس سے جنوبی پنجاب خصوصاً بہاولپور کے عوام کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت جدید طبی آلات، خصوصی وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور ماہر طبی عملے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ جلنے اور جھلسنے والے مریضوں کا مؤثر علاج مقامی سطح پر ممکن بنایا جا سکے۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ برن یونٹ کی تکمیل کے بعد بہاولپور ڈویژن اور گرد و نواح کے اضلاع کے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔ ماضی میں جلنے کے متاثرہ مریضوں کو علاج کے لیے لاہور اور دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا جس سے نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہوتا تھا بلکہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا تھا۔ نئے برن یونٹ کے قیام سے یہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے ایک اور بڑے صحت منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بہاولپور میں 24 ارب روپے کی لاگت سے جدید چلڈرن کمپلیکس بھی تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں شامل کر لیا گیا ہے اور اس کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے بچوں کو اپنے خطے میں ہی اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات میسر آئیں گی۔

تقریب میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر تنویر احمد شاہ، انچارج پلاسٹک سرجری پروفیسر ڈاکٹر مغیث امین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر عبد الرحمٰن،سپرنٹنڈنٹ صادق عباسی ہسپتال بہاولپور ڈاکٹر محمد حامد خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور ڈاکٹر ذیشان راؤف اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔