محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مؤثر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر)سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اہم اجلاس

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 08 جون (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مؤثر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر)سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ہارون الرشید، مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام، تاجر نمائندگان، پریس کلب کے عہدیداران اور دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور ماتمی جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے، فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں، علمائے کرام اور شہریوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور اس ضمن میں مشترکہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے ماضی کی طرح اس سال بھی امن و امان کے قیام میں علمائے کرام، تاجر برادری اور شہریوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون، برداشت اور ذمہ داری کے احساس کے ذریعے ضلع بھر میں مذہبی ہم آہنگی اور امن کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق، مقررہ شیڈول اور طے شدہ مقامات کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں اور مساجد و منابر کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے فرقہ وارانہ مواد، اشتعال انگیز تقاریر اور لاوڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں۔انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ مجالس اور جلوسوں کا انعقاد پرامن ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ہارون الرشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں اور علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں۔اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، ڈسٹرکٹ خطیب ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ خطیب حویلیاں، انجمن تاجران، آل ٹریڈ فیڈریشن کے نمائندگان اور دیگر شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈسٹرکٹ خطیب، صدر آل ٹریڈ فیڈریشن، صدر و جنرل سیکرٹری پریس کلب، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، تاجر نمائندگان اور دیگر معزز شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔








