سمندری حیات اور ماحول کا تحفظ ہماری قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے ،گورنر سندھ نہال ہاشمی کا عالمی یومِ سمندر کے موقع پر پیغام

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ سمندر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سمندری حیات اور ماحول کا تحفظ ہماری قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے جبکہ سمندروں کو آلودگی سے بچانے کیلئے مو ثر اور ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں

کراچی۔ 08 جون (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ سمندر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سمندری حیات اور ماحول کا تحفظ ہماری قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے جبکہ سمندروں کو آلودگی سے بچانے کیلئے مو ثر اور ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے بڑھتے ہوئے استعمال سے سمندری ماحول اور آبی حیات کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اس لیے سمندری آلودگی کے خاتمے اور ماحول کے تحفظ کے لیے عوام کو اپنا مو ثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ کراچی کے ساحلوں کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔گورنر سندھ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی آگاہی اور تحفظ کی مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ماحول دوست متبادل اشیاکے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ سمندری ایکو سسٹم کا تحفظ آنے والی نسلوں کے محفوظ اور پائیدار مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندروں میں موجود وسائل سے مو ثر استفادہ اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے مزید عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، کیونکہ سمندری وسائل کو بروئے کار لا کر معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور بلیو اکانومی کے فروغ کی نئی راہیں ہموار کی جا سکتی ہیں۔