کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا سرگودھا میں ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹر، سیف سٹی کنٹرول روم اور مرکزی جلوس روٹس کا دورہ

کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے سرگودھا میں ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹر، سیف سٹی کنٹرول روم اور مرکزی جلوس روٹس کا دورہ کیا۔

لاہور۔8جون (اے پی پی):کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے سرگودھا میں ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹر، سیف سٹی کنٹرول روم اور مرکزی جلوس روٹس کا دورہ کیا۔

صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین نے شرکت کی۔صوبائی وزرا ملک صہیب احمد بھرتھ اور بلال اکبر خان نے بھی شرکت کی۔کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی اور آر پی او شہزاد آصف، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری اور ڈی پی او صہیب اشرف بھی شریک ہوئے۔صوبائی وزرا نے محرم الحرام کنٹرول روم کے انتظامات اور مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا۔ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی، مانیٹرنگ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کی جائے گی۔کابینہ کمیٹی نے سیف سٹی مانیٹرنگ سنٹر کا بھی دورہ کیااور سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا۔بریفنگ میں مزیدبتایاگیاکہ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مجالس اور جلوسوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی ہوگی۔سیف سٹی سنٹر میں لائیو مانیٹرنگ، ویڈیو ریکارڈنگ اور سرویلنس نظام پر بریفنگ دی گئی۔کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے مرکزی عاشورہ جلوس کے روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔جلوس کے راستوں پر سکیورٹی، صفائی، روشنی اور طبی سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔کابینہ کمیٹی نے امام بارگاہ بلاک نمبر 19 کا دورہ کیااور اہل تشیع اکابرین سے ملاقات کی۔اہل تشیع رہنماوں نے محرم الحرام کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ علمائے کرام اور اکابرین نے امن، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ پر زوردیا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عزاداران کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔جلوس و مجالس کے دوران محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین نے بتایاکہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق تمام مکاتب فکر کے علما کرام سے فردا ًفردا ًملاقات کی گئی۔کسی مقام پر کوئی نئی اختراع نہیں بلکہ قواعد و ضوابط کے مطابق عشرہ محرم کے انتظامات جاری ہیں۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران مرکزی کنٹرول روم، سیف سٹی اور فیلڈ فورسز باہمی رابطے میں رہیں گی۔سرگودھا کے پرامن شہری عاشورہ پر مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے کہاکہ تمام مکاتب فکر محرم الحرام کے دوران مکمل تعاون اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے پرخلوص ہیں۔تمام مکاتب فکر کے علما اور انتظامیہ ایک پیج ہر ہیں۔کابینہ کمیٹی نے انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کو سراہا۔