ہم ڈاکٹر ماہ نور کو اپنی اولاد سے ہرگز کم نہیں سمجھتے، جعفرخان مندوخیل

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے والد حبیب اللہ خان ناصر کو ٹیلی فون کیا جن پر حال ہی میں تیزاب گردی کا المناک حملہ کیا گیا اور وہ اس وقت کراچی میں زیر علاج ہیں۔ ٹیلیفونک رابطہ

کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے والد حبیب اللہ خان ناصر کو ٹیلی فون کیا جن پر حال ہی میں تیزاب گردی کا المناک حملہ کیا گیا اور وہ اس وقت کراچی میں زیر علاج ہیں۔

ٹیلیفونک رابطہ کے دوران گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے متاثرہ خاندان کے ساتھ گہرے دکھ اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ نور کے خصوصی علاج اور پلاسٹک سرجری کا بیرون ملک بندوبست کرنے کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ڈاکٹر ماہ نور کے دکھ اور تکلیف میں برابر کے شریک ہیں، پوری قوم کو ڈاکٹر ماہ نور جیسی بہادر بیٹی پر فخر ہے اور پورے بلوچستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے مذکورہ غمزدہ خاندان کو زخمی لیڈی ڈاکٹر کی بہترین طبی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم ڈاکٹر ماہ نور کو اپنی اولاد سے ہرگز کم نہیں سمجھتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت ان کے علاج سے متعلق تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے اور روز اول سے ان کے علاج و معالجہ اور صحتیابی کےلیےپْرعزم ہے۔ صوبہ کے تمام صحت کے مراکز میں مسیحاؤں کے حوالے سے گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہم تمام دستیاب وسائل صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں ، ہم خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر انسانی ہمدردی اور لگن کے ساتھ دن رات خدمت کر رہے ہیں۔