محکمہ ایریگیشن (آبپاشی) ضلع ہرنائی کے ایکسین عبدالقادر دومڑ نے آج تحصیل کھوسٹ کے مختلف دور دراز علاقوں کا ایک اہم اور تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں جاری فیلڈ آپریشنز اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والے کام کا باریک بینی سے جائزہ لیا
حکومت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا ازالہ اور ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت ہے،ایکسین ایریگیشن ہرنائی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):محکمہ ایریگیشن (آبپاشی) ضلع ہرنائی کے ایکسین عبدالقادر دومڑ نے آج تحصیل کھوسٹ کے مختلف دور دراز علاقوں کا ایک اہم اور تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں جاری فیلڈ آپریشنز اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والے کام کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران سب ڈویژنل ڈیوٹی آفیسر (ایس ایس ڈی او) عصمت اللہ شاہ اور متعلقہ منصوبوں کے ٹھیکیدار حبیب اللہ کاکڑ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ایکسین ایریگیشن عبدالقادر دومڑ نے تحصیل کھوسٹ کے مختلف مقامات پر جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے موقع پر موجود انجینئرز اور فیلڈ اسٹاف کو کام کو مزید پائیدار اور تیز بنانے کے لیے ضروری اور اہم تکنیکی ہدایات جاری کیں۔ میڈیا نمائندوں اور مقامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ایکسین ایریگیشن عبدالقادر دومڑ کا کہنا تھا کہ "حکومت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا ازالہ اور ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت ہے۔”
انہوں نے سخت لہجے میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام زیرِ تکمیل منصوبوں کی بروقت، شفاف اور اعلیٰ معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ان اہم منصوبوں کے ثمرات بلا تاخیر اور براہِ راست علاقے کے غریب عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے ٹھیکیدار اور متعلقہ عملے کو جاری کاموں کی رفتار تیز کرنے کی تاکید کرتے ہوئے واضح کیا کہ تعمیراتی مواد کے معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ وقت کے اندر کام مکمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مقامی عمائدین نے ایکسن ایریگیشن کے اس دورے اور ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان منصوبوں سے علاقے میں پانی کی قلت اور آبپاشی کے نظام میں واضع بہتری آئے گی۔








