مری میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی اور بہترین انتظامات یقینی بنانے کا فیصلہ

راولپنڈی۔8جون (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزاداران کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس مری میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کامران صغیر نے کی، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو سروسز، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام …

راولپنڈی۔8جون (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزاداران کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس مری میں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کامران صغیر نے کی، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو سروسز، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، ہنگامی طبی سہولیات، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کامران صغیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مکمل تندہی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے حساس مقامات کی کڑی نگرانی کریں جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی اور طبی امداد سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی، بہترین انتظامی اقدامات اور بین الادارہ جاتی تعاون کے ذریعے پرامن اور منظم ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔ شرکاء نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔