راولپنڈی بورڈ کے امتحانات میں نقل کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 طالبات گرفتار، کیس ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیا گیا

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے نقل کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے سات طالبات کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ان کے خلاف کیس رجسٹر ڈکرکے مزید کارروائی کے لیے ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیا گیا

راولپنڈی۔8جون (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے نقل کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے سات طالبات کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ان کے خلاف کیس رجسٹر ڈکرکے مزید کارروائی کے لیے ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں امتحانات میں نقل کلچر کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی نگرانی میں امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے جدید مانیٹرنگ اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے امتحانی مراکز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ انجینئر عامر خٹک کی سربراہی میں بورڈ انتظامیہ نے امتحانی مراکز میں شفافیت اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں جبکہ ڈیجیٹل سرویلنس اور آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کو بھی مؤثر بنایا گیا ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر صائمہ انور نے کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کے ہمراہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز، خیابانِ سرسید کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی انتظامات، سکیورٹی اقدامات، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کے مطابق گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن خیابانِ سرسید کے امتحانی مرکز سے سات طالبات نقل کرتے ہوئے پکڑی گئیں جن کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے فتح جنگ کے مختلف امتحانی مراکز اور مارکنگ سینٹرز کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا معائنہ کیا۔کنٹرولر امتحانات نے واضح کیا کہ امتحانی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نقل یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی میں ملوث افراد کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔