صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ایمرسن یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا اور یونیورسٹی میں نئے ایڈمنسٹریشن بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسان خالق قریشی، اراکینِ صوبائی اسمبلی عامر حیات ہراج،بیرسٹر اسامہ فضل، شازیہ حیات ترین،رانا اقبال سراج،ایکسین سی اینڈ ڈبلیو افتخار احمد، یونیورسٹی کے انتظامی افسران اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھے
صوبائی وزیرِ تعلیم کا ایمرسن یونیورسٹی ملتان کا دورہ، نئے ایڈمنسٹریشن بلاک کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

مزید خبریں
ملتان۔ 08 جون (اے پی پی):صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ایمرسن یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا اور یونیورسٹی میں نئے ایڈمنسٹریشن بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسان خالق قریشی، اراکینِ صوبائی اسمبلی عامر حیات ہراج،بیرسٹر اسامہ فضل، شازیہ حیات ترین،رانا اقبال سراج،ایکسین سی اینڈ ڈبلیو افتخار احمد، یونیورسٹی کے انتظامی افسران اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھے۔دورے کے دوران صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسان خالق قریشی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان جاوید نے یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے ایڈمنسٹریشن بلاک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ رانا سکندر حیات نے شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور یونیورسٹی کی تعلیمی و انتظامی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ تعلیم نے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی سے ادارہ ترقی اور استحکام کی نئی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور جامعات کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ایمرسن یونیورسٹی کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی کی ترقیاتی ضروریات کے پیشِ نظر 100 ملین روپے کی لاگت سے جاری موجودہ پروجیکٹ کے علاوہ مزید 500 ملین روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ایمرسن آئی ٹی پارک کے قیام کے لیے بھی حکومتِ پنجاب کی جانب سے ہر ممکن مالی معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جنوبی پنجاب میں آئی ٹی، تحقیق اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔صوبائی وزیر نے طلبہ و طالبات کے سفری مسائل کے حل کے لیے ایمرسن یونیورسٹی کے لیے الیکٹرک بسوں کی فراہمی کے حوالے سے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیمی ماحول کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسان خالق قریشی نے صوبائی وزیرِ تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں اور نئے اقدامات کی معاونت سے یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایمرسن یونیورسٹی خطے میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدت کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گی۔








