پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان عرب ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان ملک بھر میں کوچنگ کی ترقی اور ہاکی سے وابستہ دیگر سرگرمیوں کے لیے ایک تاریخی شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے
پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پارکو کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا، پارکو قومی کھیل کے فروغ اور کوچنگ کے لیے 10 کروڑ روپے فراہم کرے گا

مزید خبریں
لاہور۔8جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان عرب ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان ملک بھر میں کوچنگ کی ترقی اور ہاکی سے وابستہ دیگر سرگرمیوں کے لیے ایک تاریخی شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب میں آئی پی سی سیکرٹری، ڈی جی پی ایس بی و پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی ،سیکرٹری پٹرولیم حامد یعقوب شیخ، منیجنگ ڈائریکٹر پارکو ارتضی شاہ، چیئرمین پارکو، دونوں اداروں کے اعلی حکام اور قومی تربیتی و سلیکشن کیمپ میں موجود پاکستان انڈر-21 جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اس دو سالہ معاہدے کے تحت، پارکوپاکستان ہاکی فیڈریشن کو ملک بھر میں کوچنگ ایجوکیشن پروگرامز، کوچز کی پیشہ ورانہ تربیت اور ہاکی کی دیگر سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے 10 کروڑ (100 ملین) روپے کی مالی امداد فراہم کرے گا۔ یہ شراکت داری فیڈریشن کے ملک گیر کوچنگ فریم ورک کے تحت کام کرنے والے کوچز کے وظائف کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس شراکت داری کو پاکستان میں ہاکی کے ڈھانچے کی ازسرنو تعمیر، کوچنگ کی مہارت اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے ایک بہترین اور دوررس اقدام قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوچنگ کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق بنانا اور ایک متحد کوچنگ سسٹم کا قیام، مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو نکھارنے اور عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب میں قومی کیمپ میں شریک پاکستان انڈر-21 جونیئر ہاکی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی موجودگی اس بات کی عکاس تھی کہ پی ایچ ایف اور پارکو پاکستان ہاکی کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور نوجوان ایتھلیٹس کو پائیدار مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی کھیل کی ترقی کے لیے گہری دلچسپی، وژن اور تعاون پر سیکرٹری پٹرولیم حامد یعقوب شیخ، ایم ڈی پارکو ارتضی شاہ، چیئرمین پارکو اور پارکو کی پوری انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔دونوں اداروں نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری نچلی سطح اور اعلی سطح پر ہاکی کے فروغ میں انتہائی سودمند ثابت ہوگی۔ تقریب میں یہ بھی طے پایا کہ پروگرام کے کامیاب نفاذ اور مقررہ اہداف کے حصول کے بعد، اس باہمی تعاون کی مدت میں دو سال سے زائد کی توسیع بھی کی جا سکے گی۔یہ تاریخی شراکت داری پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھیل کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کوچنگ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور پاکستان ہاکی کی طویل مدتی بحالی کی بنیاد رکھنے کی جاری کوششوں میں ایک اور اہم ترین سنگ میل ثابت ہوگا۔








