مون سون سیزن کے پیش نظر واسا راولپنڈی شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور ممکنہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہا ہے۔
واسا راولپنڈی کی ممکنہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے بھرپور تیاریاں

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 08 جون (اے پی پی):مون سون سیزن کے پیش نظر واسا راولپنڈی شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور ممکنہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہا ہے۔
اس سلسلے میں نالہ لئی سمیت شہر کے بڑے اور چھوٹے نالوں، ڈرینز اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ اور صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ بارش کے پانی کی روانی بلا رکاوٹ برقرار رکھی جا سکے۔واسا راولپنڈی کی جانب سے نالہ لئی میں جمع کچرا اور دیگر رکاوٹوں کو ہیوی مشینری کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں موجود چھوٹے نالوں اور ڈرینز کی صفائی کے ساتھ ساتھ سیور لائنوں کی کلیننگ کا عمل بھی جاری ہے تاکہ مون سون بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے سے بچا جا سکے۔واسا راولپنڈی نے مون سون ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ڈی واٹرنگ سیٹس، جیٹنگ و سکشن مشینوں اور دیگر مشینری کو بھی مکمل طور پر فنکشنل رکھا ہوا ہے۔ ادارے کی جانب سے فیلڈ اسٹاف کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ بارش کے دوران فوری نکاسی آب کو یقینی بنایا جا سکے۔واسا راولپنڈی شہریوں سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ نالوں اور ڈرینز میں کچرا، ملبہ اور پلاسٹک بیگز نہ پھینکیں تاکہ نکاسی آب کا نظام مؤثر انداز میں کام کرتا رہے اور مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔








