سعودی ولی عہد کی لبنانی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے لبنان سے برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے

ریاض ۔11جون (اے پی پی):سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے لبنان سے برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے لبنانی وزیر اعظم ڈاکٹر نواف سلام سے ٹیلی فونک رابطے میں انہیں اس بارے میں آگاہ کیا۔لبنان سے برآمدات کی بحالی کا فیصلہ لبنانی صدر اور وزیر اعظم کی درخواست پر کیا گیا۔ لبنانی حکومت کی جانب سے ریاستی اداروں کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات، گزشتہ ایک برس کے دوران متعلقہ ٹیموں کی کاوشوں اور سعودی حکام کے ساتھ لبنان کے تعاون اور مطلوبہ یقین دہانیوں کو بھی اس فیصلے کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ٹیلی فونگ رابطے میں سعودی وزیر خارجہ نے لبنان کے استحکام، اس کی خود مختاری اور برادر لبنانی عوام کی خوشحالی کے لے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ لبنانی قیادت تمام ضروری اقدامات کرے گی تاکہ لبنان کی سر زمین کو کسی ایسے مقصد کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے جو اس کے برادر ملکوں کے مفادات کے خلاف ہوں۔لبنانی وزیر اعظم ڈاکٹر نواف سلام نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔