مصر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے منسوخ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک معاہدے تک پہنچنے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
مصر کا امریکی صدر کی جانب سے ایران پر حملے منسوخ کرنے کا خیر مقدم
قاہرہ۔12جون (اے پی پی):مصر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے منسوخ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک معاہدے تک پہنچنے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ بی بی سی کے مطابق مصری وزارتِ خارجہ کے ایکس اکائونٹ سے جاری بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ فریقین کی جانب سے دستیاب موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف زیرِ التوا امور پر اتفاقِ رائے حاصل کیا جائے گا اور ایک ایسا ماحول پیدا کیا جائے گا جو جنگ کے خاتمے اور علاقائی استحکام کے ایک نئے مرحلے کے آغاز کے لیے سازگار ہو۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مصر علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ رابطے اور تعاون کے ذریعے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اپنی مسلسل، سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ مصر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف طے شدہ حملے منسوخ کرنے کے اعلان کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ ایک معاہدے تک پہنچنے اور جنگ کے خاتمے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔









