بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)نے’’جسٹ ٹرانزیشن پالیسی گیٹ وے‘‘ کے نام سے ایک عالمی پلیٹ فارم کا آغاز کر دیا جو منصفانہ منتقلی کی پالیسیوں کے نفاذ میں مدد دینے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا عالمی نظام ہے۔
آئی ایل او کے پلیٹ فارم ’’جسٹ ٹرانزیشن پالیسی گیٹ وے‘‘ کا آغاز
جنیوا۔12جون (اے پی پی):بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)نے’’جسٹ ٹرانزیشن پالیسی گیٹ وے‘‘ کے نام سے ایک عالمی پلیٹ فارم کا آغاز کر دیا جو منصفانہ منتقلی کی پالیسیوں کے نفاذ میں مدد دینے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا عالمی نظام ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ پلیٹ فارم پالیسی سازوں اور سماجی شراکت داروں کو عملی مثالیں، سیکھے گئے اسباق اور پالیسی ٹولز فراہم کرتا ہے تاکہ ماحول دوست معیشت کی طرف منتقلی کے دوران معقول روزگار اور سماجی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں، مزدور تنظیمیں اور آجر تنظیمیں ایسی پالیسیاں تشکیل دے رہی ہیں جو معقول روزگار کو فروغ دیتی ہیں، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کرتی ہیں اور معاشی تبدیلی میں مدد دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تبدیلیوں کے سماجی اور معاشی پہلو اب ترقی کے ایسے راستوں کے لیے ناگزیر ہو چکے ہیں جو منصفانہ، جامع اور انسان مرکوز ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم اس بڑھتی ہوئی پالیسی ضرورت کے جواب میں بنایا گیا ہے کیونکہ مختلف ممالک اب قومی سطح پر ایسے فریم ورک اور حکمت عملیاں اپنا رہے ہیں جن میں ہنر کی ترقی، سماجی تحفظ، لیبر مارکیٹ اداروں کی مضبوطی اور سماجی مکالمے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔یہ پلیٹ فارم نہ صرف پالیسی دستاویزات تک رسائی فراہم کرتا ہے بلکہ ان کے پس منظر میں موجود تجربات، چیلنجز اور کامیاب طریقوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔اس پلیٹ فارم کی ایک اہم خصوصیت مربوط پالیسی سازی پر توجہ ہے جس میں روزگار، ہنر، سماجی تحفظ، کاروباری ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کو ایک ساتھ جوڑ کر پالیسی سازی میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔









