نینا خان مشرقی کو برٹش ایشینز ہُو پاور 100 ایوارڈز 2026 میں انٹرنیشنل ویمنز لیڈرشپ ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا
نینا خان مشرقی کو انٹرنیشنل ویمنز لیڈرشپ ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا

مزید خبریں
لندن ۔14جون (اے پی پی):برطانوی نژاد پاکستانی کاروباری خاتون اور سماجی کارکن نینا خان مشرقی کو برٹش ایشینز ہُو پاور 100 ایوارڈز 2026 میں انٹرنیشنل ویمنز لیڈرشپ ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈ ان کی خواتین کے حقوق، انسانی خدمت، سماجی بہبود اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب کا انعقاد سامارا ایونٹس یوکے کے زیر اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو سراہا گیا۔نینا خان مشرقی کئی برسوں سے کمزور اور محروم طبقات کی مدد، خواتین کی معاشی و سماجی شمولیت کے فروغ اور مختلف فلاحی منصوبوں میں سرگرم عمل رہی ہیں۔ ان کی خدمات کا دائرہ کاروبار، سماجی ترقی، انسانی امداد اور خواتین کو بااختیار بنانے تک پھیلا ہوا ہے۔ایوارڈ کے موقع پر انہوں نے اس اعزاز کو اپنی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے اپنی کامیابیوں میں خاندان، خصوصاً شوہر، بچوں اور والدہ کی حمایت کو بنیادی سبب قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے برطانیہ میں ایک فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا جس میں 800 افراد شریک ہوئے اور فلسطین/غزہ کے لیے ایک لاکھ پاؤنڈ سے زائد رقم جمع کی گئی ۔انہوں نے اپنے دادا، معروف مفکر علامہ مشرقی کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ ان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے سامارا ایونٹس یوکے اور برٹش ایشینز ہُو پاور 100 ایوارڈز کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ یہ تقریب لندن کے معروف فائیو اسٹار سیوائے ہوٹل میں منعقد ہوئی۔








