ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز پیر سے ہوگا
ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز پیر سے ہوگا

مزید خبریں
لاہور۔14جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز کل 15 جون سے ہوگا، جس میں ملک بھر کے 103 اضلاع اور زونز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ کے دوران جون اور جولائی میں 1600 سے زائد انڈر 19 کھلاڑی 50 اوورز کے ریڈ بال میچز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ٹیموں کو 16 ریجنز میں ان کی علاقائی تقسیم کے مطابق گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ریجن کی فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کا آغاز پیر سے ملتان اور لاڑکانہ میں ہوگا جبکہ منگل کو کراچی اور ڈیرہ مراد جمالی میں مقابلے شروع ہوں گے۔ جمعرات کو ایبٹ آباد، بہاولپور اور حیدرآباد میں میچز کھیلے جائیں گے۔ دیگر ریجنز کے شیڈول کا اعلان فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے نمایاں کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ کرکٹ میں قدم رکھنے کا سنہری موقع ملے گا کیونکہ جولائی کے آخر اور اگست کے آغاز میں ضلعی اور زونل ٹیموں سے 18 ریجنل انڈر 19 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔103 اضلاع اور زونز کے کھلاڑیوں کی نظریں رواں سال 2 سے 16 ستمبر تک انگلینڈ میں شیڈول پاکستان انڈر 19 ٹیم کے دورے پر بھی مرکوز ہوں گی، جس میں ایک یوتھ ٹیسٹ اور چار یوتھ ون ڈے میچز شامل ہیں۔








