پی ٹی ڈی سی کا ویوو پاکستان کے تعاون سے منعقدہ نیشنل یوتھ موبائل ٹریول اینڈ ٹورازم ویڈیوگرافی مقابلہ

پی ٹی ڈی سی کے تعاون سے نوجوان ٹریول ولاگرز کی فیلڈ ٹریننگ سرگرمیوں کا آغاز

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے ویوو پاکستان کے تعاون سے منعقدہ نیشنل یوتھ موبائل ٹریول اینڈ ٹورازم ویڈیوگرافی مقابلہ 2026 کے تحت نوجوان ٹریول ولاگرز کی تربیتی ورکشاپ کے بعد عملی فیلڈ سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت تقریباً 60 شرکاء کو پنجاب کے تین اہم سیاحتی و تاریخی مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔

ایک روزہ موبائل جرنلزم ، ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ اور ڈاکیومنٹری فلم میکنگ کی تربیت مکمل کرنے کے بعد شرکاء کی ٹیمیں قلعہ روہتاس، کٹاس راج مندر اور پیاتریا (نیو مری) روانہ کی گئیں جہاں وہ اپنے موبائل فونز کے ذریعے سیاحت پر مبنی اصل ویڈیو مواد تیار کریں گے۔فیلڈ ورک کا مقصد نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ڈاکیومنٹری پروڈکشن، ویژول اسٹوری ٹیلنگ، انٹرویوز، موبائل سینماٹوگرافی اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کریشن کی مہارتوں کو حقیقی سیاحتی مقامات پر استعمال کر سکیں۔شرکاء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مختصر سوشل میڈیا ریلز کے ساتھ ساتھ تین منٹ پر مشتمل ڈاکیومنٹری بھی تیار کریں جس میں متعلقہ مقامات کی ثقافتی، تاریخی، قدرتی اور انسانی کہانیوں کو اجاگر کیا جائے۔اس موقع پر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹرآفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ ہر مقام اپنی ایک کہانی رکھتا ہے اور ہر کہانی میں سفر کو متاثر کرنے کی طاقت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نئی نسل کے ایسے سٹوری ٹیلرز تیار کر رہا ہے جو پاکستان کی مثبت اور حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کر سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تجرباتی تعلیم اس پروگرام کا بنیادی حصہ ہےجس کے ذریعے نوجوان نہ صرف سیاحتی مقامات کو قریب سے سمجھ سکیں گے بلکہ اپنے مشاہدات کو مؤثر ڈیجیٹل کہانیوں میں بھی ڈھال سکیں گے۔منتظمین کے مطابق فیلڈاسائنمنٹس کے دوران تیار کردہ مواد کا جائزہ میڈیا، فلم سازی، سیاحت اورڈیجیٹل کانٹینٹ کے ماہرین پر مشتمل ایک آزاد جیوری کرے گی جو تخلیقی صلاحیت، کہانی سنانے کے انداز، تکنیکی معیار اور سیاحت کے فروغ کے معیار کی بنیاد پر ٹاپ 20 شرکاء کا انتخاب کرے گی۔منتخب 20 شرکاء کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے سات روزہ خصوصی ڈاکیومنٹری اور اسٹوری ٹیلنگ ٹور پر بھیجا جائے گا جو مکمل طور پر پی ٹی ڈی سی کے زیرِ اہتمام ہوگا۔اس کے علاوہ ٹاپ تین شرکاء کو ویوو کے اسمارٹ فونز بھی دیے جائیں گے تاکہ وہ مستقبل میں موبائل فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں۔یہ اقدام پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل میڈیا مہارتوں سے آراستہ کرنے کے پی ٹی ڈی سی کے عزم کی عکاسی کرتا ہےجس کا مقصد ایک ایسا نیٹ ورک تیار کرنا ہے جوپاکستان کے سیاحتی ورثے اور قدرتی حسن کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کر سکے۔