پاکستان میں تعلیم کے مستقبل پر غور وفکرکیلئے پہلا اے آئی ایڈ ٹیک سمٹ 17 جون کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا

اسلام آباد میں پہلا اے آئی ایڈٹیک سمٹ 17 جون کو منعقد ہوگا

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور میں تعلیم کے مستقبل پر غوروفکر کے لیے ملک میں پہلا اے آئی ایڈٹیک سمٹ 17 جون کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

یہ سمٹ کیریئر کونیکٹ کے تعاون سے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن (ایف سی ای) اسلام آباد کے زیر اہتمام ایک مقامی ہوٹل میں منعقدکیا جا رہا ہے جس میں ماہرین تعلیم، پالیسی ساز، جامعات کے سربراہان، ٹیکنالوجی ماہرین اور صنعت سے وابستہ نمائندے شرکت کریں گے۔سمٹ کا مقصد مصنوعی ذہانت کے باعث تیزی سے بدلتے تعلیمی منظرنامے اور مستقبل کے نظامِ تعلیم پر جامع مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ تقریب میں تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے ممتازماہرین کلیدی خطابات کریں گے جبکہ اے آئی کے ذریعے تعلیمی تبدیلی، اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان تعاون کے فروغ اور جدید تعلیمی رجحانات پر خصوصی سیشنز اور پینل مباحثے بھی منعقد ہوں گے۔فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیعہ رحمان ڈوگر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت دنیا بھر میں تدریس اور سیکھنے کے طریقوں کو تیزی سے تبدیل کر رہی ہے اس لیے پاکستان کے تعلیمی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات کو اپنانا ہوگا، تاہم اس کے استعمال میں اخلاقی اور مؤثر پہلوؤں کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ اساتذہ، محققین اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی جہاں وہ خیالات اور تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے ایسی حکمت عملی مرتب کر سکیں گے جو طلبہ کو مستقبل کی افرادی قوت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں معاون ثابت ہو۔