شہریوں و سیاحوں کو محفوظ سفر اور بہترین سہولیات کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بٹگرام

ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بٹگرام ساجد فاروق خان نے ٹریفک سرکل تھاکوٹ کا دورہ کیا اور ٹریفک اہلکاروں کی کارکردگی، ٹریفک مینجمنٹ و شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

ایبٹ آباد۔ 15 جون (اے پی پی):ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بٹگرام ساجد فاروق خان نے ٹریفک سرکل تھاکوٹ کا دورہ کیا اور ٹریفک اہلکاروں کی کارکردگی، ٹریفک مینجمنٹ و شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے انٹری پوائنٹ ٹورسٹ ڈیسک پر آنے والے سیاحوں اور مسافروں کا خیر مقدم کیا اور شدید گرمی کے پیش نظر انہیں ٹھنڈے مشروبات بھی فراہم کئے گئے۔

ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نے کہا کہ شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ سفر اور بہترین سہولیات کی فراہمی بٹگرام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے کمسن رائیڈرز، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں اور غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا بھی جائزہ لیا۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نے عملے کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔