مانسہرہ سے چلاس تک مجوزہ نئی موٹروے منصوبہ ملک میں سیاحت کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا،پی ٹی ڈی سی

پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے مانسہرہ سے چلاس تک مجوزہ نئی موٹروے کو شمالی پاکستان میں سیاحت، علاقائی رابطوں اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ ملک میں سیاحت کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے مانسہرہ سے چلاس تک مجوزہ نئی موٹروے کو شمالی پاکستان میں سیاحت، علاقائی رابطوں اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ ملک میں سیاحت کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔پی ٹی ڈی سی کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مانسہرہ تا چلاس نئی موٹروے کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہےجبکہ بابوسر سرنگ سمیت دیگر بڑےانفراسٹرکچر منصوبے شمالی علاقوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

حکام کے مطابق جدید موٹروے کی تکمیل سےکاغان، ناران، بابوسر، چلاس اور دیگر خوبصورت سیاحتی مقامات تک رسائی پہلے سے زیادہ آسان،محفوظ اور تیز ہو جائے گی جس کے نتیجے میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر شاہراہوں،جدیدسفری سہولیات اور کم سفری دورانیے سے نہ صرف سیاحوں کے سفر کا تجربہ بہتر ہوگا بلکہ مقامی آبادی کے لیے روزگار،سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس منصوبے سے ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، دستکاری اور دیگر متعلقہ شعبوں کو بھی فروغ ملے گا۔

پی ٹی ڈی سی کے حکام نے بتایا کہ شمالی پاکستان اپنی بے مثال قدرتی خوبصورتی، برف پوش پہاڑوں، جھیلوں اور دلکش وادیوں کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیےغیرمعمولی کشش رکھتا ہے اور جدید رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے بعد یہ علاقے عالمی سیاحتی نقشے پر مزید نمایاں ہو جائیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہتر رابطوں، مضبوط معیشت اور فروغ پاتی سیاحت کے ذریعےشمالی پاکستان ترقی، خوشحالی اورپائیدار اقتصادی نمو کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا۔