واسا فیصل آباد نے مون سون سیزن کے پیش نظر شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں فوری امداد اور سہولیات کی فراہمی کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں جبکہ بارش کے دوران ڈیوٹی سے غیر حاضری اور فرائض میں غفلت برتنے پر 16 ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ت
فیصل آباد میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس قائم، بارش کے دوران غفلت پر 16 واسا ملازمین معطل

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 15 جون (اے پی پی):واسا فیصل آباد نے مون سون سیزن کے پیش نظر شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں فوری امداد اور سہولیات کی فراہمی کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں جبکہ بارش کے دوران ڈیوٹی سے غیر حاضری اور فرائض میں غفلت برتنے پر 16 ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان واسا قدیر سکندر کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا کی ہدایت پر قائم کیے گئے ریلیف کیمپس کا مقصد بارشوں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ اور نکاسی آب کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔ اس سلسلے میں علامہ اقبال کالونی اور سمن آباد جنرل ہسپتال کے قریب ایمرجنسی ریلیف کیمپس فعال کر دیے گئے ہیں جہاں ضروری عملہ، مشینری اور آلات ہمہ وقت موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
شہریوں کی شکایات کے فوری اندراج اور ازالے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مون سون کے دوران نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی یا شکایت کی صورت میں واسا ہیلپ لائن 1334 یا موبائل نمبر 0321-9991334 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے گزشتہ روز بارش کے دوران فرائض میں غفلت اور ڈیوٹی سے غیر حاضری پر سخت کارروائی کرتے ہوئے آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے دو سپروائزرز سمیت 16 ملازمین کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن اینڈ مینٹیننس کو تین روز کے اندر تفصیلی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام آپریشنز سٹاف کو اپنے مقررہ ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہنے اور نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے دوران ایم ڈی واسا نے مختلف سب ڈویژنز کا اچانک دورہ کیا اور ڈیوٹی پوائنٹس پر حاضری کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران متعدد ملازمین غیر حاضر پائے گئے جس پر مدینہ ٹاؤن سب ڈویژن کے سپروائزر حارث اور پیپلز کالونی نمبر 2 سب ڈویژن کے سپروائزر امین سمیت مجموعی طور پر 16 ملازمین کو معطل کر دیا گیا۔
معطل کیے جانے والے دیگر ملازمین میں آفتاب، سرفراز، عمران، چارلس، عادل، شہزاد، ندیم، افتخار، ستار، کامران، بشیر، شہباز، طارق اور نیاز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی واسا ثاقب رضا کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن میں شہریوں کو بروقت نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی واسا کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران عملے کی غیر حاضری یا فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور ایمانداری سے انجام دیں تاکہ شہریوں کو بارش کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔







