گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پیر کے روز پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی، مانسہرہ کے پرنسپل کی قیادت میں کیڈٹس کے وفد نے گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی کے کیڈٹس کی ملاقات

مزید خبریں
پشاور۔ 15 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پیر کے روز پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی، مانسہرہ کے پرنسپل کی قیادت میں کیڈٹس کے وفد نے گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔گورنر ہاوس تر جمان کے مطابق اس موقع پرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے معماروں کو گورنر ہاوس میں خوش آمدید کہتا ہوں، آج کے کیڈٹس کل ملک کی قیادت اور مختلف شعبوں میں قوم کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج بٹراسی صوبے کے بہترین تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کیڈٹ کالج بٹراسی کی بنیاد رکھ کر نوجوانوں کی تعلیم میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج بٹراسی کی ترقی اور بہتری کے لیے صدر مملکت کو خط لکھ چکا ہوں، بہت جلد کیڈٹ کالج بٹراسی کا دورہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج کی بہتری اور طلبہ کی فلاح کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، خیبرپختونخوا کی ترقی کا راستہ معیاری تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، انہیں مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے،کرکٹ سمیت ہر کھیل میں خیبرپختونخوا کے نوجوان غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، کھیل اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر گورنر نے طلبہ کے سوالات کے جوابات دیئے۔گورنر خیبرپختونخوانے کہا کہ عالمی امن کے حوالہ سے ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت کا بہترین کردار ہے ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا سے طلبہ کی لیئے الیکٹرک بائیک کی فراہمی کے حوالہ سے بات کی جائے گی ،خیبرپختونخوا کے طلبہ کو سستے اور رعایتی نرخوں پر الیکٹرک بائیکس فراہم کیئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کو بیرون ممالک سکالر شپس دی جائیں ، حکومت کو کالج اور سکول سطح کے طلبہ کو بھی سہولیاتی منصوبہ جات میں شامل کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز انڈسٹری پر توجہ مبذول کی جارہی ہے ، کمیونٹی کی شمولیت کے بغیر معاشی و علاقائی ترقی ممکن نہیں ۔







