خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی خان اور ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان کی خصوصی ہدایات پر ولج کونسل قمبر تا بلوگرام اور مانیار کشالہ میں خواڑ کی صفائی اور گہرائی بڑھانے کے اہم منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے
عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے ،صوبائی وزیر ہاوسنگ
پشاور۔ 15 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی خان اور ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان کی خصوصی ہدایات پر ولج کونسل قمبر تا بلوگرام اور مانیار کشالہ میں خواڑ کی صفائی اور گہرائی بڑھانے کے اہم منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق یہ منصوبہ علاقے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی تکمیل سے مستقبل میں آنے والے سیلابی ریلوں اور شدید بارشوں کے دوران ممکنہ نقصانات سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ خواڑ کی صفائی اور گہرائی میں اضافے سے پانی کی روانی بہتر ہوگی، جس کے نتیجے میں آبادی اور زرعی اراضی کو درپیش خطرات میں نمایاں کمی آئے گی۔عوام نے اس اہم فلاحی منصوبے پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی اور ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ علاقے کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عوام نے انہیں خدمت کے لیے منتخب کیا ہے اور وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں








