وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کی پاکستان فٹ بال ٹیم کو 74 سال بعد بین الاقوامی ٹرافی جیتنے پر مبارکباد
وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کی پاکستان فٹ بال ٹیم کو 74 سال بعد بین الاقوامی ٹرافی جیتنے پر مبارکباد
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان فٹ بال ٹیم کو 74 سال بعد بین الاقوامی ٹرافی جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔ پیر کو جاری پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ میں تاریخی کامیابی پر قومی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور مالدیپ کی ٹیموں نے شرکت کی،قومی فٹ بال ٹیم نے عزم، حوصلے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی پاکستان فٹ بال کی ترقی اور روشن مستقبل کی عکاس ہے، سید محسن گیلانی کی قیادت میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نمایاں پیش رفت قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی تاریخی فتح نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی امید اور تحریک ہے۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی قیادت اور وژن نے اس کامیابی کی بنیاد رکھی ہے،امید ہے کہ قومی فٹ بال ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔









