ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ پشاور نے دودھ میں ملاوٹ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حسن خیل کی نگرانی میں محکمہ لائیو سٹاک کے ہمراہ موٹر وے پشاور انٹرچینج پر مشترکہ کارروائی کی
ضلعی انتظامیہ پشاور کی دودھ میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی

مزید خبریں
پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ پشاور نے دودھ میں ملاوٹ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حسن خیل کی نگرانی میں محکمہ لائیو سٹاک کے ہمراہ موٹر وے پشاور انٹرچینج پر مشترکہ کارروائی کی۔ڈپٹی کمشنر پشاورکے دفترسےجاری بیان کے مطابق کارروائی کے دوران پشاور آنے والی دودھ بردار گاڑیوں کو روک کر محکمہ لائیو سٹاک کی جدید موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ کے نمونوں کا موقع پر تجزیہ کیا گیا۔ معائنے کے دوران دودھ میں کسی قسم کے مضر کیمیکل کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی، تاہم 6 گوالوں کے دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے موقع پر جرمانہ کیاگیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان نے کہا کہ عوام کو خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
دودھ میں ملاوٹ جیسے سنگین جرم میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دودھ سمیت اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کہیں دودھ یا دیگر اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کی اطلاع ہو تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔








