رانا مشہود احمد خاں کا وفد کے ہمراہ دورہ چین، وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چین سیکرٹریٹ بیجنگ میں قائم کرنے کا فیصلہ
رانا مشہود احمد خاں کا وفد کے ہمراہ دورہ چین، وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چین سیکرٹریٹ بیجنگ میں قائم کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
بیجنگ۔16جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) رانا مشہود احمد خاں نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کیا جس کا مقصد پیشہ ورانہ تعلیم، فنی تربیت، نوجوانوں کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ہنر مندی کی ترقی اور معاشی شراکت داری کے وسیع فریم ورک کا حصہ ہے۔منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وفد نے گوانگ ڈونگ اوپن یونیورسٹی (گوانگ ڈونگ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ) کا دورہ کیا جہاں یونیورسٹی کی قیادت، صدر لیو وین چنگ، ڈپٹی سیکرٹری پارٹی کمیٹی، وائس پریذیڈنٹ سونگ بو اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ فریقین نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے پیشہ ورانہ تعلیمی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
یہ ملاقات تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور جاری منصوبوں کو تیزی سے عملی شکل دینے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے چین پاکستان یوتھ ووکیشنل ایجوکیشن سمپوزیم میں شرکت کی جہاں وائس پریذیڈنٹ سونگ بو نے یونیورسٹی کی جانب سے خیرمقدمی کلمات ادا کیے۔ اپنے خطاب میں چیئرمین نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کا وژن پیش کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو فنی تربیت، تکنیکی تعلیم اور ڈیجیٹل مہارتوں کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے گوانگ ڈونگ اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی ترقی اور جدت کو سراہا اور ٹینفینگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے کردار کو بھی تسلیم کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پی ایم وائی پی کا چین سیکرٹریٹ ٹینفینگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے بیجنگ ہیڈکوارٹر میں قائم کیا جائے گا تاکہ پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان ہنر مندی، تربیت اور روزگار کے شعبوں میں رابطہ مزید مضبوط ہو سکے۔چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے جو نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ’’پاکستان نیشنل ووکیشنل ایجوکیشن ٹیچرز ٹریننگ بیس‘‘ کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا جسے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔ یہ منصوبہ اساتذہ کی تربیت، تعلیمی معیار میں بہتری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔افتتاح کے بعد وفد نے طلبہ کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ طلبہ نے اپنی تعلیمی کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف کا اظہار کیا۔
چیئرمین نے یونیورسٹی کے اعلیٰ معیار تعلیم کو سراہا اور طلبہ کی محنت، اعتماد اور مہارت کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ اس موقع پر طلبہ نے روایتی موسیقی پیش کی اور اپنے فنی ہنر سے تیار کردہ تحائف بھی پیش کیے جو ثقافتی ہم آہنگی اور دوستی کی علامت تھے۔اس کے بعد وفد نے سکول آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی کی جدید لیبارٹریز کا دورہ کیا جہاں فیکلٹی نے جدید صنعتی نظام، آلات اور عملی تربیت کے طریقوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دورے نے فنی تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور عملی تربیت کے جدید ماڈلز کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔
پی ایم وائی پی چین ٹریننگ بیس ایکسچینج پروگرام کے اختتام پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس میں مشترکہ فنی تربیت، تعلیمی وسائل کا تبادلہ اور دوطرفہ انسانی وسائل کی ترقی شامل ہے۔وفد نے بیجنگ گوانگڈا بوئے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ کمپنی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں کمپنی کی جدید ورکشاپس، مینوفیکچرنگ یونٹس اور نیو انرجی وہیکل (این ای وی) تربیتی آلات کی نمائش دکھائی گئی۔ کمپنی ماہرین نے جدید تعلیمی اور صنعتی نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقاتوں میں صنعتی و تعلیمی تعاون، این ای وی تربیتی معیار اور اساتذہ کی تربیت پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چین کے جدید تربیتی ماڈلز کو پاکستان میں منتقل کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کیے جا سکیں۔دورے کے اختتام پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کیا جائے گا، تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور پاکستان چین دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔








