وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان سے بیوریجز ایڈوائزری فائونڈیشن (بی اے ایف) کے وفد نے ملاقات کی جس میں مشروبات کی صنعت کو درپیش مسائل، کاروباری ماحول اور صنعتی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان سے بیوریجز ایڈوائزری فائونڈیشن کے وفد کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان سے بیوریجز ایڈوائزری فائونڈیشن (بی اے ایف) کے وفد نے ملاقات کی جس میں مشروبات کی صنعت کو درپیش مسائل، کاروباری ماحول اور صنعتی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت کے مطابق منگل کو منعقد ہونے والی ملاقات میں وفد نے مشروبات کی صنعت کو درپیش مختلف چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ صنعتی نمائندوں نے مختلف شعبہ جاتی امور پر مکالمے کے فروغ اور مسائل کے حل کے لیے کوآرڈینیٹر برائے تجارت کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے، صنعتوں کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے اور معیشت میں شعبے کے کردار کو مضبوط بنانے کے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا ءنے اس امر پر زور دیا کہ صنعت کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطہ ضروری ہے۔رانا احسان افضل خان نے کہا کہ صنعتی شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ مسلسل مشاورت اور رابطہ حکومت کی پالیسی سازی کے عمل کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں سے حاصل ہونے والی آراء اور تجاویز کو پالیسی مباحث میں مناسب اہمیت دی جاتی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صنعت سے متعلق مسائل کے حل، کاروباری اعتماد کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے باہمی تعاون اور رابطے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔









