پشتون بلوچ سیاسی اکابرین اور بلوچستان کے قبائلی عمائدین نے باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے،گورنر جعفر خان مندوخیل

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مختلف سیاسی نقطہ نظر اور تنوع کے باوجود پشتون بلوچ سیاسی اکابرین اور بلوچستان کے قبائلی عمائدین نے باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے

کوئٹہ۔ 16 جون (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مختلف سیاسی نقطہ نظر اور تنوع کے باوجود پشتون بلوچ سیاسی اکابرین اور بلوچستان کے قبائلی عمائدین نے باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے۔ آج بھی ہمارے معززین اور معتبرین باہمی اعتماد کے ستون کے طور پر کھڑے ہیں۔ وہ صرف اختلاف رائے کو برداشت نہیں کرتے بلکہ پل بناتے ہیں اور تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہیں جو بدلتے ہوئے حالات میں بہت ضروری ہے۔ یہ ہماری بقائے باہمی کا جذبہ ہے جو مشترکہ اقدار سے طاقت حاصل کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند، اراکین صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ، سید ظفر آغا اور فائق جمالی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ علم و سیاست سے وابستہ وہ گراں قدر ہستیاں جو نئی نسل کو سیاسی شعور اور دوسروں کا احترام سکھاتی ہیں بہت تیزی سے معدوم ہو رہی ہیں جو ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہماری شاندار قومی اقدار اور روایات میں سمائے ہوئے یہاں کے سیاسی اور قبائلی تعلقات باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی پر مبنی ہیں لیکن ہماری سیاسی اور سماجی روایات جامد نہیں ہیں بلکہ وہ متحرک، موافقت پذیر اور پرامن ہیں جو بشردوستی اور ترقی پسندی کی نئی راہیں متعین کرتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم روایت اور ترقی کے درمیان اس توازن کا احترام کریں اور اپنے نوجوانوں کو ترقی، بشردوستی اور رواداری کی پائیدار انسانی اقدار سکھائیں۔ یہ فخر کی بات ہے کہ ہمارا صوبہ قیمتی معدنیات کے ساتھ ساتھ شاندار تاریخ، روایات اور دوستانہ تعلقات سے مالا مال سرزمین ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اسلاف کا احترام کریں، اختلاف رائے کا احترام کرنا سیکھیں اور دوسروں کے ساتھ ناچاقی اور ناراضگی کی صورت میں پہلے آپ خود پہل کریں۔