شورکوٹ ،محرم الحرام کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 مکمل طور پر ہائی الرٹ ہے،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر

وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر کی زیر نگرانی محرم الحرام کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے، عزاداران کے جان و مال کے تحفظ اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی تیاری کو جانچنے کے لیے ضلع جھنگ کی چاروں تحصیلوں میں لارج اسکیل موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا

شورکوٹ۔ 16 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر کی زیر نگرانی محرم الحرام کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے، عزاداران کے جان و مال کے تحفظ اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی تیاری کو جانچنے کے لیے ضلع جھنگ کی چاروں تحصیلوں میں لارج اسکیل موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ موک ایکسرسائز ضلع جھنگ کے مختلف حساس مقامات جن میں گوگھے والی بستی امام بارگاہ جھنگ سٹی، امام بارگاہ شاہ نجف سیٹلائٹ ٹاؤن، شورکوٹ مائی باب دربار، احمد پور سیال سلطان باہو دربار اور تحصیل 18 ہزاری امام بارگاہ مسافر شام شامل ہیں، میں منعقد کی گئی۔ریسکیو 1122 جھنگ نے موک ایکسرسائز میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے میڈیکل ایمرجنسی، ماس کیژولٹی مینجمنٹ، فائر فائٹنگ، سرچ اینڈ ریسکیو اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا عملی مظاہرہ کیا۔فرضی ہنگامی صورتحال کے دوران متعدد افراد کے زخمی ہونے کا منظر پیش کیا گیا، جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری رسپانس دیتے ہوئے جائے حادثہ پر انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کی۔ فائر ریسکیورز نے جدید فائر فائٹنگ آلات کی مدد سے فرضی آگ پر بروقت قابو پایا، جبکہ میڈیکل ٹیموں نے زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ٹرائیج سسٹم، ایمرجنسی میڈیکل کیئر اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے عمل کا کامیاب مظاہرہ کیا۔موک ایکسرسائز کے دوران ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز، فائر وہیکلز، میڈیکل ریسپانس ٹیموں اور دیگر ایمرجنسی ریسورسز کو بروئے کار لاتے ہوئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن، محفوظ انخلاء، فائر آپریشن اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کا عملی جائزہ لیا گیا۔ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور بروقت رسپانس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی اپنی مکمل صلاحیتوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جھنگ سلطان محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 مکمل طور پر تیار، متحرک اور ہائی الرٹ ہے۔ تمام ریسکیو اسٹیشنز، ایمبولینسز، فائر وہیکلز، میڈیکل ریسپانس ٹیمیں اور دیگر ایمرجنسی وسائل کو فعال رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں شہریوں اور عزاداران کو بروقت، مؤثر اور معیاری ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا سکیں۔موک ایکسرسائز کی نگرانی کمشنر جھنگ ڈویژن علی اکبر بھنڈر، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی سنٹرل کنٹرول روم، ریسکیو 1122 کنٹرول روم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے موقع پر موجود رہ کر کی۔ریسکیو 1122 جھنگ نے اس مشق کے ذریعے اپنی مکمل آپریشنل تیاری، فوری ایمرجنسی رسپانس، ادارہ جاتی رابطہ کاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا کامیاب عملی مظاہرہ کیا