رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز کے شعبہ انگریزی زبان و ادب کے زیر اہتمام ’’فاضلین کی نشست‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی
رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں فاضلین کی نشست، ایم فل و پی ایچ ڈی طلبا کی بھرپور شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز کے شعبہ انگریزی زبان و ادب کے زیر اہتمام ’’فاضلین کی نشست‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید بریشک اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آف انگلش لنگوئیسٹکس اینڈ لٹریچر ڈاکٹر محمد عبداللہ بیگ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں اعلیٰ تعلیم، تحقیقی معیار اور علمی روابط کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبا و طالبات کو تحقیق کے میدان میں جدت، تنقیدی فکر اور علمی دیانت کو اپنانے کی تلقین کی۔
تقریب کے دوران ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سینئر طلبا و طالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی تعلیمی و تحقیقی زندگی کے تجربات جونیئر طلبا کے ساتھ شیئر کئے۔ مقررین نے کہا کہ ایسے علمی اجتماعات نہ صرف مختلف بیچز کے طلبا کے درمیان روابط کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ نئے طلبا کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایم فل پروگرام سے متعلق طلبا و طالبات کی رہنمائی کرتے ہوئے پروگرام کی تعلیمی ضروریات، تحقیقی تقاضوں اور کامیاب تکمیل کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ ڈاکٹر سدرہ محمود نے پی ایچ ڈی طلبا و طالبات کو تحقیقی منصوبہ بندی، اشاعتی تقاضوں اور اعلیٰ سطحی تحقیق کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی۔
تقریب کے اختتام پر شعبہ اور یونیورسٹی کی جانب سے علما و شرکا میں یادگاری تحائف تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کی میزبانی لیکچرر جاوید اقبال نے کی۔








