عزاداروں کیلئے فول پروف سکیورٹی اور بہترین سہولیات کویقینی بنایا جا رہا ہے ، ڈپٹی کمشنر
عزاداروں کیلئے فول پروف سکیورٹی اور بہترین سہولیات کویقینی بنایا جا رہا ہے ، ڈپٹی کمشنر

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 16 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر)ندیم ناصرنے کہا ہے کہ عزاداروں کیلئے فول پروف سکیورٹی اور بہترین سہولیات کویقینی بنایا جا رہا ہے،محرم الحرام کے تقدس کے پیش نظر اتحاد و یکجہتی انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے عزاداری کونسل کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی اورعزاداری کونسل کے ممبران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات گزشتہ برس کی نسبت مزید مؤثر اور فول پروف کئے جا رہے ہیں،جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر کیمروں کی تنصیب ،روشنی اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے جنریٹرز کی دستیابی کے علاوہ محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر سبیلوں اور کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لئے پولیس کے جوان داخلی راستوں پر فرائض سرانجام دیں گے۔ضلعی انتظامیہ اور عزاداروں کی انتظامیہ ایک ٹیم کی حیثیت سے محرم انتظامات کو کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتظامات میں کسی بھی کمی یا مسئلے کی فوری نشاندہی کی جائے تاکہ بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام صبر،برداشت اور رواداری کا درس دیتا ہے ،تمام مکاتب فکر احترام اور تحمل کا مظاہرہ کریں،سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد سے اجتناب کیا جائے، امن و بھائی چارے کو فروغ دیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور محرم کے بہترین انتظامات مشترکہ ذمہ داری ہے۔








