سی ٹی ڈی مردان نے بدھ کو ایک کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 3 اہم دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے ۔تر جمان مردان پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی مردان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا ایک گروہ ضلع مہمند سے ضلع چارسدہ میں تخریبی کارروائیوں کے ارادے سے دراندازی کر رہا ہے
مردان، سی ٹی ڈی نے فتنہ الخوارج کے 3 اہم دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا، تین کلاشنکوفیں بمعہ میگزین ، دستی بم برآمد

مزید خبریں
پشاور۔ 17 جون (اے پی پی):سی ٹی ڈی مردان نے بدھ کو ایک کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 3 اہم دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے ۔تر جمان مردان پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی مردان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا ایک گروہ ضلع مہمند سے ضلع چارسدہ میں تخریبی کارروائیوں کے ارادے سے دراندازی کر رہا ہے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے شبقدر، چارسدہ کے مقام پر ایمبش لگا کر دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تعینات کی گئیں۔دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو گرفتاری دینے کے بجائے انہوں نے سی ٹی ڈی کے جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
فائرنگ تھمنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت حیات خان عرف حیات اللہ ولد جان خان، عاصم ولد محمد یونس، اور امین اللہ عرف معاویہ عرف قاری ولد عبدالکریم کے ناموں سے ہوئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دہشت گرد سی ٹی ڈی کو دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ ہلاک دہشت گرد حیات خان عرف حیات اللہ مولانا عزت اللہ کی ٹارگٹ کلنگ کے کیس میں اشتہاری مجرم تھا جبکہ دہشت گرد عاصم ضلع خیبر میں پولیس اور مذہبی رہنماؤں کو ٹارگٹ کرنےمیں ملوث تھا۔
موقع سے تین عدد کلاشنکوف بمعہ میگزین اور دستی بم برآمد کر لیے گئے ہیں جبکہ فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نےاس کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی مردان کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں کا حوصلہ بلند ہے اور وہ امن دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کا ہر سپاہی ریاست کی رٹ قائم رکھنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے عناصر کی سرکوبی تک ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا، اور ان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔








