سپریم کورٹ میں رمضان میں گھی و کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کیس کی سماعت

سپریم کورٹ میں رمضان کے دوران کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں مبینہ اضافے کے خلاف دائر کیس کی سماعت ہوئی جس میں مارکیٹ ریگولیٹری اداروں اور وناسپتی انڈسٹری کی نمائندہ ایسوسی ایشن کے وکلاء نے دلائل دیئے

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):سپریم کورٹ میں رمضان کے دوران کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں مبینہ اضافے کے خلاف دائر کیس کی سماعت ہوئی جس میں مارکیٹ ریگولیٹری اداروں اور وناسپتی انڈسٹری کی نمائندہ ایسوسی ایشن کے وکلاء نے دلائل دیئے۔سماعت کے دوران جسٹس عرفان سعادت نے ریمارکس دیئے کہ رمضان آتے ہی ہدایات دے دی جاتی ہیں کہ کمائی کا مہینہ ہے، گھی مہنگا کر دو۔ مسابقتی کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتیں کم ہوئیں تاہم پاکستان میں کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں اسی تناسب سے کمی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیمتوں کے تعین کا معاملہ ہے اور حکومت نے رمضان پیکیج کے تحت قیمتیں کم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔ وکیل کے مطابق کمیشن نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کو بھی قیمتیں کم کرنے کے لئے کہا تھا۔پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسوسی ایشن صرف اپنے ممبران کو ہدایات جاری کر سکتی ہے لیکن قیمتیں کم کرانا اس کے اختیار میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی رکن ہدایات پر عمل نہ کرے تو ایسوسی ایشن کچھ نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسابقتی کمیشن کی جانب سے ان کے خلاف حکم جاری کیا گیا جبکہ ایسوسی ایشن کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔اس موقع پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے سوال اٹھایا کہ اگر ہدایات پر عمل نہ ہو تو ایسوسی ایشن کیا کر سکتی ہے؟ انہوں نے استفسار کیا کہ ایسوسی ایشن کو کس حیثیت سے رجسٹر کیا گیا ہے۔ وکیل نے بتایا کہ تنظیم ٹریڈ ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہے اور اس کا مقصد ممبران کی فلاح و بہبود ہے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایسے معاملات اکثر سامنے آتے ہیں۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی۔کیس کی سماعت بدھ کو جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔