حالیہ مہینوں میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جن سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے، سینیٹر کامل علی آغا

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جن سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جن سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے۔ بدھ کو سینیٹ میں وفاقی بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت اور امن معاہدے کیلئے پاکستان کے کردار کو بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کا عالمی تشخص مزید مضبوط ہوا ہے اور ملک کے بارے میں تنہائی کے تاثر کا خاتمہ ہوا ہے۔انہوں نے دفاعی بجٹ میں اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کے تقاضوں کے پیش نظر یہ ایک اہم اقدام ہے تاہم ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی مناسب وسائل کی فراہمی ضروری ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے بجلی کے نرخوں میں کمی، زرعی شعبے کی معاونت، صنعتوں کے فروغ اور عام آدمی کو ریلیف دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کے اثرات کم کرنے، کاروباری ماحول بہتر بنانے اور عوامی فلاح کے اقدامات کو مزید موثر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے مختص فنڈز میں اضافے کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں کو مستحق افراد کی پائیدار معاشی خودمختاری سے منسلک کیا جانا چاہیے۔