اپنی زمین اپنا گھر“ کے تحت ضلع بہاولپور میں مستحق اور بے گھر خاندانوں کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کر دیے گئے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبے ”اپنی زمین اپنا گھر“ کے تحت ضلع بہاولپور میں مستحق اور بے گھر خاندانوں کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے منتخب خاندانوں میں الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی

بہاولپور ۔ 17 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبے ”اپنی زمین اپنا گھر“ کے تحت ضلع بہاولپور میں مستحق اور بے گھر خاندانوں کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے منتخب خاندانوں میں الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کم آمدن اور بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”اپنی زمین اپنا گھر“ پروگرام حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اور عوام دوست منصوبہ ہے جس کا مقصد معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کو باعزت رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بہاولپور سے اس پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 21 ہزار 400 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے قرعہ اندازی کے ذریعے 7 خوش نصیب خاندانوں کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب مستحق افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور یہ منصوبہ فلاحی ریاست کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت صرف پالیسی سازی تک محدود نہیں بلکہ خود عوام کے دروازے پر کھڑی ہے اور ان کے خوابوں کو حقیقت بنتے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ”اپنی زمین اپنا گھر“منصوبہ بے گھر خاندانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوا ہے اور اس کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کے اپنے گھر کے خواب پورے ہوں گے۔تقریب کے دوران پلاٹ حاصل کرنے والے خاندانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنا گھر حاصل کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا جو اب پورا ہو گیا ہے۔

مستفید افراد نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے کرائے کے گھروں میں رہ رہے تھے اور رہائش کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے، تاہم حکومت پنجاب کے اس فلاحی اقدام کے باعث اب انہیں اپنی مستقل اور باعزت رہائش میسر آ گئی ہے۔مستحق خاندانوں نے اس منصوبے کو کم آمدن طبقے کے لیے ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بھی عوامی فلاح کے ایسے منصوبے جاری رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے تمام منتخب خاندانوں کو مبارکباد دی اور ان کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔