محرم الحرام میں امن، محبت اور بھائی چارے کے درس کو عام کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعلی پنجاب

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر تعصب اور اشتعال انگیزی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر زوردیا ہے

لاہور۔18جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر تعصب اور اشتعال انگیزی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر زوردیا ہے۔ وزیراعلی نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں نوجوانوں سے سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے نفرت انگیز مواد، غلط معلومات اورانتہاپسندی کے رجحانات کوروکنے کی اپیل کی۔ وزیراعلی مریم نواز نے معاشرے سے نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خاتمے کےلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن، محبت اور بھائی چارے کے درس کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نفرت انگیز مواد کی تیز رفتار ترسیل کو روکنا آج کے دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ نفرت انگیز بیانیے مسترد کرکے معاشرے میں برداشت، امن اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نفرت کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذہبی، نسلی، صنفی بنیاد پر یا قومی سطح پر روکنا عالمی ہم آہنگی کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی، نسلی اور صنفی بنیادوں پر نفرت کو روکنا عالمی ہم آہنگی کی بنیادی کنجی ہے۔ اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی سب سے خطرناک شکل ہے،کسی کو دلوں میں نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں، آزادیِ اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ ناگزیر ہے۔

مزید خبریں