وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی ملاقات

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین نے ملاقات کی جس میں صنعتی ترقی، برآمدات پر مبنی معاشی نمو، الیکٹرک گاڑیوں، مقامی مینوفیکچرنگ اور صنعت کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین نے ملاقات کی جس میں صنعتی ترقی، برآمدات پر مبنی معاشی نمو، الیکٹرک گاڑیوں، مقامی مینوفیکچرنگ اور صنعت کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی پہلی قومی صنعتی پالیسی تشکیل دی گئی ہے اور صنعتی شعبے کی بحالی و تیز رفتار ترقی کے لیے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے موبائل ڈیوائسز اور الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ آٹوموبائل، آٹو پارٹس اور بیٹری سٹوریج پالیسی بھی وزیراعظم کے وژن کے مطابق مرتب کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی اور ایس ایم ایز کے فروغ میں صوبوں کا کردار نہایت اہم ہے جبکہ الیکٹرک وہیکلز کا فروغ پاکستان کو جدید، ماحول دوست اور پائیدار صنعتی معیشت کی جانب لے جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی صنعت کے استحکام سے درآمدی انحصار کم ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت صنعتی ترقی، ایس ایم ایز کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی ہی پائیدار معاشی استحکام اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی ضمانت ہے جبکہ کاروباری برادری کو سہولتوں کی فراہمی اور کاروبار دوست ماحول کی بہتری کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز کا استحکام ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور برآمدات بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا جبکہ ماحولیاتی تحفظ، معیار اور کوالٹی سٹینڈرڈز کے فروغ کے بغیر جدید صنعتی ترقی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ سے نئی صنعتیں قائم ہوں گی اور نوجوانوں کے لیے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ہارون اختر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعتی کاری، برآمدات میں اضافہ اور نجی شعبے کا استحکام پاکستان کی معاشی ترقی کے بنیادی ستون ہیں اور وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے باہمی تعاون سے صنعتی شعبے میں ایک نئی پیش رفت کا آغاز ہوگا۔

 

مزید خبریں