فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی امن کے فروغ، علاقائی استحکام کے قیام کے مؤثر کردار کے اعتراف میں امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا جائے،ایکس سروس مین سوسائٹی

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (پیس) کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے مطالبہ کیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی امن کے فروغ، علاقائی استحکام کے قیام اور دنیا کے ایک بڑے حصے کو ممکنہ تباہی سے محفوظ بنانے میں ان کے مؤثر کردار کے اعتراف میں امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا جائے

راولپنڈی۔18جون (اے پی پی):پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (پیس) کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے مطالبہ کیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی امن کے فروغ، علاقائی استحکام کے قیام اور دنیا کے ایک بڑے حصے کو ممکنہ تباہی سے محفوظ بنانے میں ان کے مؤثر کردار کے اعتراف میں امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر قیامِ امن، دہشت گردی کے خلاف کامیاب جدوجہد اور پاکستان کے وقار میں اضافے کے لیے انجام دی گئی خدمات کے اعتراف میں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے 40 لاکھ اراکین 28 جون کو انہیں اپنا پیٹرن چیف بنانے کا اعلان کریں گے۔اپنے ایک بیان میں عزیز احمد اعوان نے کہا کہ دنیا نے دیکھا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن کے قیام، علاقائی استحکام اور عالمی سطح پر کشیدگی کے خاتمے کے لیے جو کردار ادا کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں عالمی اور علاقائی سطح پر پیدا ہونے والے پیچیدہ حالات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دانشمندانہ قیادت، تدبر اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و استحکام کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ خواہ پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز ہوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو، قومی سلامتی کا تحفظ ہو یا عالمی سطح پر امن کے فروغ کی کوششیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت ہمیشہ نمایاں، مؤثر اور نتیجہ خیز رہی ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی مفاد کے لیے غیر متزلزل عزم نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط اور عالمی سطح پر ملک کے وقار کو بلند کیا ہے۔عزیز احمد اعوان نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو قوم کا سرمایہ، افواجِ پاکستان کا قابلِ فخر سپوت اور ملکی سلامتی کا مضبوط محافظ سمجھتی ہے۔ ان کی قیادت نے نہ صرف پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا بلکہ پاکستانی عوام کے وقار، اعتماد اور عزت میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ان کا تاریخی کردار آنے والی نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی، بین الاقوامی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کے فروغ، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار قابلِ ستائش رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کی گراں قدر خدمات پر خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور انہیں اپنا پیٹرن چیف مقرر کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہے۔عزیز احمد اعوان نے مزید کہا کہ قومیں ایسے ہی مخلص، باصلاحیت، فرض شناس اور محبِ وطن رہنماؤں کی بدولت ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں، ان کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے اظہارِ امید کیا کہ پاکستان مستقبل میں مزید ترقی کرے گا، عالمی برادری میں اپنا مقام مزید مستحکم بنائے گا اور ایک عظیم، مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر دنیا میں ابھرے گا۔

مزید خبریں