یونیسیف کے وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی اور سیکرٹری اسمبلی سید وقار شاہ سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔
یونیسیف کے وفد کی خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات، پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے شعبے میں جاری اقدامات پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
پشاور۔ 18 جون (اے پی پی):یونیسیف کے وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی اور سیکرٹری اسمبلی سید وقار شاہ سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، رکن صوبائی اسمبلی عسکر پرویز بھی موجود تھے۔اس ملاقات میں صوبے میں پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت (WASH) کے شعبے میں جاری اقدامات، درپیش چیلنجز اور پارلیمنٹیرینز کے مؤثر کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یونیسیف کے وفد نے اسپیکر کو ادارے کی جانب سے خیبر پختونخوا میں جاری مختلف پروگرامز اور سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔اس موقع پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ صاف پانی، بہتر صفائی اور حفظانِ صحت کی سہولیات عوام کی بنیادی ضرورت ہیں اور ان شعبوں میں بہتری کے لیے قانون سازی، مؤثر نگرانی اور عوامی نمائندوں کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور خصوصاً WASH سیکٹر میں مؤثر قانون سازی اور پالیسی معاونت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ملاقات میں خیبر پختونخوا اسمبلی اور یونیسیف کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، اراکینِ اسمبلی بالخصوص خواتین پارلیمنٹیرینز کی استعداد کار میں اضافے، آگاہی سیشنز کے انعقاد اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پالیسی سازی، مؤثر عملدرآمد اور نوجوانوں کی شمولیت کے ذریعے پانی اور صفائی سے متعلق خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔اس سے قبل یونیسیف کے وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سیکرٹری سید وقار شاہ سے بھی تفصیلی ملاقات کی، جس میں اسپیکر بابر سلیم سواتی کے ویژن اور اسمبلی کے عوام دوست قانون سازی و نگرانی کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔








