پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر بہترین مواقع اور سخت مقابلے فراہم کرنے کے لیے متعدد بین الاقوامی ترقیاتی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں مستقبل کے بین الاقوامی چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ملک میں ہاکی کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر بہترین مواقع اور سخت مقابلے فراہم کرنے کیلئے متعدد بین الاقوامی ترقیاتی اقدامات کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔18جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر بہترین مواقع اور سخت مقابلے فراہم کرنے کے لیے متعدد بین الاقوامی ترقیاتی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں مستقبل کے بین الاقوامی چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے۔پاکستان انڈر 18بوائز ٹیم کی عمان میں ہونے والے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی منظوری کے بعد، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انڈر 18ویمنز ہاکی ٹیم کو بھی بین الاقوامی سطح پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ویمنز ٹیم نیشنل ہاکی چمپئن شپ کے فوری بعد ایک بین الاقوامی فائیو اے سائیڈ ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔فیڈریشن کے مطابق جولائی میں پاکستان انڈر 21 جونیئر ہاکی ٹیم بھی عمان کا دورہ کرے گی جہاں وہ مختلف بین الاقوامی مقابلوں اور ایکسپوزر میچز میں حصہ لے گی۔ اس اقدام کا مقصد جونیئر کھلاڑیوں کو اعلی سطح کی ہاکی سے روشناس کرانا اور مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے تیار کرنا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ جون اور جولائی کے مہینے قومی ہاکی کے لیے انتہائی مصروف اور اہم ثابت ہو رہے ہیں کیونکہ اس دوران سینئر قومی ٹیم، جونیئر ٹیم اور انڈر 18 اسکواڈز بین الاقوامی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے، جس سے ان کی مسابقتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی ٹورنامنٹس اور میچز میں شرکت نوجوان کھلاڑیوں کو مضبوط حریفوں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے اظہار، جدید کھیل کی تکنیک سیکھنے، حکمت عملی کو بہتر بنانے اور اپنی فٹنس کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کا موقع فراہم کرے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنے اور عالمی ہاکی میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔








