وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیرمقام نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان سے ملاقات کی
وفاقی وزیر امورِ کشمیر امیرمقام کی وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیرمقام نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر انجینئر امیرمقام نے مالاکنڈ ڈویژن، سابقہ پاٹا اور فاٹا میں مجوزہ ٹیکسوں کے نفاذ کے حوالے سے عوامی تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے اس معاملے میں وہاں کے عوام کا ساتھ دینے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے عوام دہشت گردی اور بدامنی کے باعث پہلے ہی بھاری نقصانات اٹھا چکے ہیں، اس لئے ان پر مزید معاشی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جانا چاہئے۔انجینئر امیرمقام نے تمباکو کاشتکاروں، تاجروں اور صنعت سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل بھی اجاگر کرتے ہوئے ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر رانا ثناء اللہ خان نے انجینئر امیرمقام کے تحفظات اور تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ دونوں مل کر اس معاملے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی تفصیلی بات کریں گے تاکہ متعلقہ علاقوں کے عوام اور کاروباری طبقے کے جائز تحفظات کا مناسب حل نکالا جا سکے۔








