گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پنجاب کی معروف سیاسی و مذہبی شخصیت جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور فرزند شاہ سلیمان خواجہ مدثر محمود تونسوی نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں چشمہ رائٹ بینک کینال (سی آر بی سی ) کی موجودہ صورتحال، 2022ء کے مون سون سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی تباہی اور خصوصاً تونسہ (ضلع ڈیرہ غازی خان) کے علاقے میں پانی کی …
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مدثر محمود تونسوی کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پنجاب کی معروف سیاسی و مذہبی شخصیت جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور فرزند شاہ سلیمان خواجہ مدثر محمود تونسوی نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں چشمہ رائٹ بینک کینال (سی آر بی سی ) کی موجودہ صورتحال، 2022ء کے مون سون سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی تباہی اور خصوصاً تونسہ (ضلع ڈیرہ غازی خان) کے علاقے میں پانی کی مسلسل بندش پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال کی مجموعی کاشت کے قابل کمانڈ ایریا تقریباً 6 لاکھ 6 ہزار ایکڑ پر مشتمل ہے جبکہ اس کی منظور شدہ پانی کی گنجائش 4,879 کیوسک ہے جس میں خیبرپختونخوا کا حصہ 3,045 کیوسک اور پنجاب کا حصہ 1,834 کیوسک ہے۔ انہوں نے گورنر کو آگاہ کیا کہ 22 اگست 2022ء کے سیلاب کے دوران سلیمان رینج کے پہاڑی نالوں کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان اور تونسہ (ضلع ڈیرہ غازی خان) میں کینال کے مختلف حصوں کو شدید نقصان پہنچا جس کے بعد تونسہ شریف کے علاقے میں پانی کی فراہمی طویل عرصے سے معطل ہے۔ نہر کی بندش سے پورے علاقہ میں شدید اضطرابی کیفیت کا سامنا ہے ، گندم، گنے اور چاول کی فصل بری طرح متاثر ہورہی ہے ، ہنگامی بنیادوں پر اس مسئلہ کے حل انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت، وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر آبی وسائل اور چیئرمین واپڈا سے فوری رابطہ کیا جائے گا اور مسئلے کے حل کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم اور متاثرہ علاقوں کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس حوالہ سے عوامی تکالیف کا ازالہ بہت ضروری ہے۔








