محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام کو یقینی بنانےکے لیےتمام دستیاب وسائل بروئےکارلائےجائیں،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس/کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے ہیڈ کوارٹر بدر لائن میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات اور بلوچستان کانسٹیبلری کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی

کوئٹہ۔ 18 جون (اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس/کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے ہیڈ کوارٹر بدر لائن میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات اور بلوچستان کانسٹیبلری کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں صوبے بھر بالخصوص کوئٹہ شہر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات، حساس مقامات کی نگرانی، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی، نفری کی تعیناتی، گشت کے نظام اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان کانسٹیبلری کے تمام زونل کمانڈرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس/کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکار انتہائی چوکسی، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے تمام زونل کمانڈرز کو ہدایت دی کہ اپنے زیرِ کمان اہلکاروں کو ہر وقت الرٹ رکھا جائے اور حساس مقامات، داخلی و خارجی راستوں، اہم تنصیبات، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر خصوصی نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد، اشیاء اور غیر معمولی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔اشفاق احمد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے بلوچستان کانسٹیبلری دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل رابطے اور تعاون کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اہلکاروں کی فلاح و بہبود کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام زونل کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دورانِ ڈیوٹی جوانوں کو صاف ستھرا، معیاری اور مقررہ اوقات میں کھانا فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے تاکہ وہ یکسوئی اور بھرپور توجہ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں اور انہیں کھانے یا دیگر ضروریات کے لیے اپنی ڈیوٹی پوسٹ چھوڑنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ایڈیشنل آئی جی پولیس/کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے بلوچستان کانسٹیبلری اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری لگن اور جذبے کے ساتھ ادا کرے گی۔اجلاس کے اختتام پر محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد، نفری کی بروقت تعیناتی، مسلسل نگرانی اور بین الادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

مزید خبریں